پی ایس ایل 2018-19 کرکٹ

ملتان کا نیا سلطان!!

کرکٹ کے حلقوں میں یہ سوال گردش کررہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم کا نیا خریدار کون ہوگا۔خریداروں کی فہرست میں کئی نام ہیں مگر سب سے منفرد نام نوجوان بزنس مین علی خان ترین کا ہے اور یہ نام سب سے منفرد اور موزوں کیوں ہے اس کی چند ایک ٹھوس وجوہات کا جائزہ لینا بے حد ضروری ہے۔
بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ لودھراں سے تعلق رکھنے والے ملک کے کامیاب بزنس مین جہانگیر خان ترین کے صاحبزادے علی ترین محض اپنے شوق کی خاطر پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم خریدنے کے خواہش مند ہیں حالانکہ یہ خیال قطعی طور پر غلط ہے۔ علی خان ترین نے دنیا کی سب سے بڑی ایموچر کرکٹ لیگ ’’لاسٹ مین اسٹینڈنگ‘‘ کو جنوبی پنجاب میں روشناس کروایا (https://www.facebook.com/LMSSouthPunjab/)
تاکہ اس خطے کے نوجوانوںکو ایک ایسا پلیٹ فارم کیا جائے ۔ اسی پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے ان نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کامیابی کے کئی ہمالیہ سر کرلیے۔ لودھراں اور ملتان میں LMS لیگ کامیابی کیساتھ جاری ہے جبکہ جنوری میں رحیم یارخان اور بہاولپور سے بھی اس لیگ کا آغاز ہونے جارہا ہے تاکہ جنوبی پنجاب کے ہر علاقے کے نوجوانوں کو اس لیگ میں شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع مل سکے۔
LMSمیں کھیلتے ہوئے لودھراں کے تین کھلاڑیوں نے اس لیگ میں پاکستان کی نمائندگی کی اور انگلینڈ میں ہونے والے ایونٹ میں عبدالرزاق اور جیمز فرینکلن جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کیساتھ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔یہ ایک ایسا خواب ہے جو چند برس پہلے تک لودھراں اور اس سے ملحقہ علاقوں کے نوجوان دیکھ نہیں سکتے تھے کہ انہیں بیرون ملک کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا مگر علی ترین نے اپنی کاوشوں سے اس خواب کو حقیقت میں ڈھال دیا ہے۔
لودھراں سے تعلق رکھنے والے ایک اور نوجوان شعیب بلال نے محض اپنے ٹیلنٹ کی بنیاد پر LMSمیں لودھراں کی ٹیم میںجگہ بنائی اورغریب گھرانے کے اس نوجوان نے LMSمیں عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ملتان ریجن کے سلیکٹرز کو ٹرائل میں اپنی بالنگ سے متاثر کیااورقائد اعظم ٹرافی کھیلنے والی ملتان ریجن کی ٹیم میں جگہ حاصل کرلی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ لودھراں سے تعلق رکھنے والے کسی کھلاڑی کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔شعیب بلال نے فرسٹ کلاس کرکٹ تک رسائی حاصل کرکے اپنے علاقے کے نوجوانوں کیلئے راستہ کھول دیا ہے۔
جنوبی پنجاب میں نوجوانوں کو کرکٹ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے لودھراں میں ایک شاندار کرکٹ گراؤنڈ اور اس پر کرکٹ اکیڈمی قائم کی گئی جہاں تربیت یافتہ کوچز روزانہ کی بنیادوں پر 80سے زائد ٹین ایجرز کی کوچنگ کررہے ہیں تاکہ آنے والے عرصے میں ان نوجوانوں کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے قابل بنایا جائے۔
جس خطے میں لڑکوں کو کرکٹ کی مناسب سہولیات میسر نہ ہوں وہاں لڑکیوں کو یہ سہولتیں فراہم کرنا تو خواب میں بھی نہیں سوچا جاسکتا مگر جنوبی پنجاب میں بچیوں کے اسکولز اور یونیورسٹیز میں گراؤنڈز کو بہتر کرنے کیساتھ ساتھ کرکٹ پچز بھی بنائی گئی ہیں تاکہ اس خطے کی بچیوں کو بھی کرکٹ کھیلنے کے مواقع میسر آسکیں۔
www.grassrootscricket.pk ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے علی ترین کا ایک اور بڑا کارنامہ

ہے جو پاکستان کی واحد ویب سائٹ ہے جس کا مقصد صرف اور صرف ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ اور اس میں بہتری لانے کیلئے عملی طور پر کاوشیں کرنا ہے۔ گراس روٹ سطح پر کرکٹ کی بہتری کیلئے اقدامات کرنا، ڈومیسٹک کرکٹ کے میچز کی کوریج اور اس کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ذمہ داری بھی علی ترین کی سربراہی میں ’’گراس روٹ کرکٹ‘‘ نے اُٹھائی ہوئی ہے اور مختصر سے عرصے میں یہ ویب سائٹ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں کیلئے سب سے بڑا پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
یہ چند ایک ایسے اقدامات ہیں جن کی بنیاد پر علی خان ترین کو چھٹی ٹیم خریدنے کے حوالے سے سب سے زیادہ موزوں قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ علی ترین دوسرے امیدواروں کی طرح ’’اچانک‘‘ منظر عام پر نہیں آئے بلکہ وہ دوسروں کے برعکس ایک عرصے سے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں۔ علی ترین جس خطے کی ٹیم خریدنا چاہتے ہیں اُن کا تعلق بھی اسی مردم خیز خطے سے ہے۔ اکثر یہ شکایت دیکھنے کو ملتی ہے کہ فرنچائز مالکان جس شہر کے نام پر ٹیم حاصل کرتے ہیں وہ اس علاقے میں کرکٹ کے فروغ کیلئے کام نہیں کرتے بلکہ اس شہر کا نام ’’استعمال‘‘ کرتے ہوئے مقامی لوگوں کے زخموںپر نمک چھڑکتے ہیں لیکن علی ترین کا معاملہ بالکل اس کے برعکس ہے کیونکہ اُن کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے اور اگر وہ ملتان کے نام پر ٹیم حاصل کرتے ہیں تو نا صرف جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو ایک بڑا پلیٹ فارم میسر آجائے گا بلکہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم بھی مضبوط ہاتھوں میں ہوگی جو پاکستان سپر لیگ کو استحکام دیتے ہوئے ملک میں کرکٹ کے فروغ کی بھی ضامن ہوگی۔

Subscribe to Blog360

Enter your email address to subscribe to Blog360 and receive notifications of new posts by email.

Join 203 316 other subscribers